فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن،بھاری جرمانے
وہاڑی میں معروف پیزا ،برگرپوائنٹس کو 50ہزار جرمانہ، 30لٹر رینسڈ آئل، 10کلو مضر صحت گوشت تلف، لڈن روڈ پر معروف فوڈ پوائنٹ کو کڑی وارننگ جاری خانیوال میں سٹوریج ایریا میں حشرات، چوہوں کی بھرمار پر کارروائی، مقررہ ایس او پیز پر کسی بھی قسم کی غفلت، کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گی،حکام کا انتباہ
ملتان ،وہاڑی، خانیوال(لیڈی رپورٹر، نمائندہ خصوصی، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگا ر) ذرائع ابلاغ میں نشر ہونیوالی خبروں پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کا سخت نوٹس، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر وہاڑی اور خانیوال میں معروف پیزا اینڈ برگر پوائنٹس کی انسپکشن، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد، 30 لیٹر رینسڈ آئل، 10 کلو مضر صحت گوشت تلف، لڈن روڈ پر معروف فوڈ پوائنٹ کو وارننگ نوٹس جاری۔گزشتہ روز میڈیا پر نشر ہونیوالی خبروں پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پیزا اینڈ برگر پوائنٹس کی انسپکشن کی ہدایات جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے خانیوال میں رانا اکرام الحق چوک پر ایک معروف فوڈ پوائنٹ کو چیک کیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق سٹوریج ایریا میں چوہوں اور حشرات کی بھرمار ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ خوراک کی تیاری کیلئے رینسڈ آئل اور ایکسپائری بریڈ کا استعمال کیا جارہا تھا۔ فریزر اور خام مٹیریل کے قریب بھی حشرات کی بھرمار اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے ۔ دوسری جانب وہاڑی میں لڈن روڈ پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے عوامی شکایت موصول ہونے پر معروف فوڈ پوائنٹ پر کارروائی کی۔دورانِ انسپکشن شکایت میں درج نکات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی، تاہم موقع پر ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے جن سے شکایت کی تصدیق ہو سکے ۔ اس کے باوجود فوڈ سیفٹی معیارات پر سختی سے عملدرآمد اور احتیاطی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے پیشِ نظر فوڈ پوائنٹ کے مالک کو وارننگ نوٹس جاری کر دیا گیا۔مزید برآں انتظامیہ کو واضح اور سخت ہدایات جاری کی گئیں کہ آئندہ فوڈ سیفٹی اقدامات،صفائی ستھرائی کے معیار اور مقررہ ایس او پیز پر کسی بھی قسم کی غفلت، کوتاہی یا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔