گٹر اُبل پڑے ، پانی گھروں میں داخل، مکین محصور
گگو منڈی(نامہ نگار) شہر کی سب سے بڑی رہائشی آبادی 187 ای بی میں گٹروں کی صفائی نہ ہونے کے باعث گٹر اُبل پڑے جس سے گندہ پانی گلیوں اور گھروں میں داخل ہوگیا۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے نکاسی آب کا نظام بند ہونے کے باعث علاقے میں گندہ پانی جمع ہو رہا ہے جو اب گھروں میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق پانی جمع ہونے سے نہ صرف آمد و رفت متاثر ہوئی ہے بلکہ گھروں کی بنیادیں بھی کمزور ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شکایات کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے ۔ گلیوں میں گندے پانی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔شہریوں نے ارباب اختیار سے فوری طور پر نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے اور مسئلہ کے مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے ۔