صوبائی وزیر کا زیر التوا کیسزجلد نمٹانے پر اجلاس
عدالتوں میں مقدمات کی مؤثر پیروی ،ملزموں کو کٹہرے میں لانے کی ہدایت
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وصوبائی وزیر پراسیکیوشن رانا بلال ،سیکرٹری پراسیکیوشن سلمان غنی ،پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فریاد احمداورسی پی او سردار غیاث گل خان نے گوجرانوالہ دفتر کا دورہ کیااورڈسٹرکٹ پراسیکیوشن دفترکے مختلف امور کا جائزہ لیا اور افسروں سے ملاقاتیں کیں۔ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ربنواز بھون و دیگر افسروں نے اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی، زیر التوا مقدمات پربریفنگ دی۔ معاونِ خصوصی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں مقدمات، چالانوں کی پیروی و تکمیل اور انصاف کی بروقت فراہمی امور پر غور کیا گیا۔ زیرِ التوا مقدمات کو جلد نمٹانے اور عدالتوں میں مؤثر پیروی یقینی بنانے کیلئے تجاویز بھی زیرِ بحث آئیں۔اس موقع پر سلمان غنی نے کہا حکومت پنجاب پراسیکیوشن نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو جلد انصاف فراہم کیا جا سکے ۔ پراسیکیوٹر جنرل نے افسروں کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تیاری میں قانونی تقاضوں کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے اور عدالتوں میں مؤثر پیروی سے ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔اجلاس میں ڈی پی او غیاث گل خان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس اور پراسیکیوشن میں مؤثر رابطہ کاری کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا تاکہ تفتیشی اور قانونی عمل میں بہتری لائی جا سکے ۔