ضلعی امن کمیٹی وہاڑی کا عیدالاضحیٰ و محرم انتظامات کا جائزہ
سکیورٹی سخت کرنے اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی روکنے کا فیصلہ
وہاڑی(خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی پی او تصور اقبال نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے علماء کرام کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ڈی پی او تصور اقبال نے کہا کہ عیدگاہوں، مجالس اور دیگر مذہبی اجتماعات کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور کسی بھی قسم کی شرپسندی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں گے ۔اجلاس میں امن کمیٹی کے ارکان نے بھی مختلف تجاویز پیش کیں اور امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔