محکمہ ایکسائزکی مختلف برانچز میں بجلی کی طویل بندش

محکمہ ایکسائزکی مختلف برانچز میں بجلی کی طویل بندش

ڈی جی ایکسائز نے جنریٹرز نہ چلانے پر افسران سے رپورٹ طلب کر لی

لاہور(خبر نگار)لاہور میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے علی کمپلیکس پراپرٹی ٹیکس اور موٹر برانچ دفاتر بجلی کی طویل بندش کے باعث تین گھنٹے تک اندھیرے میں ڈوبے رہے ، جس سے سرکاری امور شدید متاثر ہوئے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز پراپرٹی ٹیکس کی مد میں اربوں روپے کی وصولیاں کرتا ہے ، تاہم بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران دفاتر میں موجود جنریٹرز ایندھن نہ ہونے کے باعث فعال نہ کیے جا سکے ۔ صورتحال کے باعث عملہ اندھیرے میں بیٹھ کر کام کرنے پر مجبور رہا۔دوسری جانب گاڑیوں کو نمبر پلیٹس لگوانے اور پراپرٹی ٹیکس جمع کروانے کے لیے آنے والے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں طویل انتظار کرنا پڑا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دفاتر میں جنریٹر موجود ہونے کے باوجود فیول کی عدم دستیابی انتظامی غفلت کو ظاہر کرتی ہے ۔واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ایکسائز نے لوڈشیڈنگ کے دوران جنریٹرز نہ چلانے پر متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں