جس تھانے کی حدود سے شہری غائب، اسی میں مقدمہ درج، ہائیکورٹ

جس تھانے کی حدود سے شہری غائب، اسی میں مقدمہ درج، ہائیکورٹ

عدالت نے زاہد علی کی گمشدگی کامقدمہ صدر تھانے میں درج کرکے رپورٹ مانگ لی، تحقیقات جاری،پولیس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ جس تھانے کی حدود سے شہری غائب ہو، اسی تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے ۔ عدالت نے شہری زاہد علی کی گمشدگی کا مقدمہ صدر تھانے میں درج کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہری کی آخری لوکیشن جناح اسپتال کے قریب آئی تھی جبکہ گمشدگی کا مقدمہ بغدادی تھانے میں درج کروایا گیا تھا۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ صدر تھانے میں مقدمہ درج کروائے ۔اس پر جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس دیئے کہ جس علاقے سے شہری لاپتہ ہوا ، اسی علاقے کے تھانے میں مقدمہ درج ہوگا۔ عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ اب تک گمشدہ شہری کا سراغ لگانے کے لیے کیا پیش رفت کی گئی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن فتح شیخ نے بتایا کہ دو جے آئی ٹیز کے اجلاس ہوچکے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ ایک اور شہری سہراب علی کی گمشدگی کے دوران دو مرتبہ موبائل فون آن ہوا تھا اور ان کے پاس لوکیشن کی تفصیلات موجود ہیں۔ عدالت نے وکیل درخواست گزار کو ہدایت کی کہ گمشدہ شہری کی لوکیشن کی تفصیلات تفتیشی افسر کو فراہم کی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں