بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کیلئے ہیلتھ انشورنس سہولت کا آغاز
ملازمین چھ لاکھ روپے تک کی طبی سہولتیں حاصل کرسکیں گے ،میئرمرتضیٰ وہاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تقریباً ساڑھے گیارہ ہزار ملازمین کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کردی گئی ہے ، یہ پاکستان کا پہلا بلدیاتی ادارہ ہے جہاں میڈیکل انشورنس پالیسی نافذ کی گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوصدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میڈیکل انشورنس کارڈ، سروس وہیکل اور لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میئر نے کہا کہ ماضی میں بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کو علاج ومعالجے کیلئے سفارشات کروانی پڑتی تھیں اور ایمرجنسی یا اسپتال سے متعلق کیسز کی فائلیں مختلف محکموں سے ہوتی ہوئی میئر کے دفتر تک پہنچتی تھیں جس کے بعد اخراجات کی منظوری دی جاتی تھی،صحت ایسا معاملہ ہے جہاں چند منٹ کی تاخیر بھی بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے ، اسی لیے موجودہ سٹی کونسل نے ملازمین کو ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ انشورنس کے تحت بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین ڈیڑھ سے چھ لاکھ روپے تک کی طبی سہولتیں حاصل کرسکیں گے جبکہ انہیں 200 اسپتالوں میں علاج کی سہولت میسر ہوگی جہاں ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج کروایا جاسکے گا۔