رفاہ عام ونواح میں سیوریج مسائل کیخلاف قومی شاہراہ بلاک
جماعت اسلامی کے تحت دھرنا، سندھ حکومت، واٹر کارپوریشن کیخلاف نعرے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)رفاہ عام اور اس سے متصل علاقوں میں سیوریج کے سنگین مسائل اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کیخلاف جماعت اسلامی نے قومی شاہراہ ملیر ہالٹ پر دھرنا دیا،مظاہرین نے شاہراہ بلاک کر دی اور سندھ حکومت و واٹر کارپوریشن کے خلاف نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ48گھنٹے میں سیوریج کے مسائل حل نہ کیے گئے تو واٹر اینڈ کارپوریشن کے دفتر کا گھیراؤ اور شاہراہ فیصل بند کر دینگے ،مظاہرین نے مختلف بینرز و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے ۔ دھرنے سے اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ، امیر جماعت اسلامی ضلع ایئر پورٹ محمد اشرف،رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے بھی خطاب کیا۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ واٹر کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کرپشن کے گڑھ ہیں۔ڈیڑھ ماہ سے سیوریج لائن بیٹھی ہے ،محلے گندے پانی سے ڈوبے ہوئے ، عوام سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں لیکن بے حس حکمرانوں کے کانوں پرجون تک نہیں رینگتی۔ گلیوں اور گھروں کے اندر گندا پانی جمع ہورہا ہے لیکن حکمران ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے ہیں،عوام کا مطالبہ یہی ہے کہ انہیں بنیادی سہولتیں دی جائیں۔ کارپوریشن نے 1.6 بلین ڈالر کا قرضہ اس لیے لیا تھا کہ پانی اور سیوریج کے مسائل حل کیے جائینگے لیکن کراچی کی 70 فیصد آبادی پانی سے محروم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہر منصوبہ نا اہلی، کرپشن اور لوٹ مار سے بھرا ہے ۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا۔ آج علامتی دھرنا ہے مسئلہ سنجیدہ نہ لیا گیا تو بڑا احتجاج کرینگے ۔