بھارت کا چناب میں پانی چھوڑنے کا عندیہ، سیالکوٹ سمیت 7 اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی نافذ

بھارت کا چناب میں پانی چھوڑنے کا عندیہ، سیالکوٹ سمیت 7 اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی نافذ

سلاسل ڈیم کی صفائی کیلئے 21سے 30مئی تک سپل ویز کھول کرپانی چھوڑنے کے باعث دریا میں 6سے 8لاکھ کیوسک ریلے سے 7اضلاع کے علاقے متاثر ہونے کاامکان‘ ہائی الرٹ جاری

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )بھارتی آبی جارحیت کا خطرہ، سلاسل ڈیم سے دریائے چناب میں پانی چھوڑنے کے عندیہ پر سیالکوٹ سمیت 7اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی نافذ ، ضلع سیالکو ٹ میں تمام محکموں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ ، چناب میں مقبوضہ جموں کشمیر کے مقام پر سلاسل ڈیم کی صفائی کیلئے 21سے 30مئی تک تمام سپل ویز کھول کر پانی پاکستان کی طرف چھوڑ نے کا عندیہ دیا گیا ہے جس سے چناب میں 6سے 8لاکھ کیوسک پانی کسی بھی وقت چھوڑا جاسکتا ہے ۔ دریا میں طغیانی سے ہیڈ مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے ۔ سیلابی صورتحال پر ضلع سیالکوٹ ،گجرات، گوجرانوالہ ،وزیر آباد، حافظ آباد، منڈی بہاؤ الدین ،چینوٹ کے علاقے شدید متاثر ہوسکتے ہیں جس پر ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ نے محکمہ انہار ،ریسکیو 1122، پولیس، محکمہ مال سمیت تمام اداروں کے ملازمین کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔

پیرا فور س ،پولیس ہیڈ مرالہ اتھارٹی کے ماتحت کام کرنے والے ورکرز کو ہمہ وقت دریائے کے پختوں کی نگرانی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہدایات کی گئی ہیں اورپیرا فورس کو چناب کے اطراف میں آباد دیہاتوں صدر پورہ ،منہاساں،ٹبہ،مروال ،پل بجواں ،چک کھوجہ،پنڈی پترارہ،بھینس،گنگوال ،مہیا ل ،دیاورہ ،جوک،کلیال ،خانہ پاؤ ،خندوچک ،غازی پوروغیر ہ کی نگرانی پر تعینات کیا گیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریا کے کناروں سے دور منتقل ہو جائیں۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے دریاؤں کے پانی میں نہانے پر دفعہ 144نافذ اوربھارت کی جانب سے چناب میں پانی چھوڑنے کی اطلاع پر اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے ۔ صورتحا ل پر مرالہ بیراج اور ملحقہ علاقوں بالخصوص بجوات میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں