فیروز آباد میں کار سوار فیملی کوہراساں کرنے کا واقعہ

فیروز آباد میں کار سوار فیملی کوہراساں کرنے کا واقعہ

لڑکے اور ساتھ موجود خاتون نے مبینہ راستہ نہ دینے پرگاڑی کا شیشہ توڑدیاسڑک پرہنگامہ، گاڑی میں موجود بچے خوفزدہ، بچنے کیلئے شیشے لاک کردیئے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)فیروز آباد تھانے کی حدود میں کار سوار فیملی کو لڑکے اور اسکے ساتھ خاتون نے مبینہ راستہ نہ دینے پر ہراساں کیا اور گاڑی کا شیشہ توڑ دیا۔واقعے کے وقت گاڑی میں شہری، اہلیہ اور بچے موجود تھے جنہوں نے بگڑے امیر زادے جوڑے سے بچنے کیلئے دروازے لاک کرلیے ۔ سڑک پر ہنگامہ آرائی کرنیوالے لڑکے اور خاتون نے گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، توکار سوار شخص نے ویڈیو بنالی جس میں اگلا شیشہ ونڈ اسکرین ٹوٹنے کا منظر بھی ریکارڈ ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جبکہ متاثرہ شخص وسیم الطاف نے تحریری شکایت بھی درج کرادی۔حکام نے بتایا کہ تحریری درخواست موصول ہونے پرمتاثرہ فیملی سے رابطہ ہوگیا، جو ڈیفنس ویو کی رہائشی ہے اور یہ معاملہ دو خاندانوں کے جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا۔ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال نے کہا کہ متاثرہ فیملی نے صرف شکایت درج کرائی، تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والے لڑکے اور خاتون کو پولیس تلاش کررہی ہے ۔متاثرہ شخص نے بتایا کہ وہ دوپہر 12 بجے اپنی فیملی کے ساتھ تھا کہ نامعلوم شخص اور خاتون جو ٹویوٹا یارس گاڑی میں سوار تھے ، انہوں نے میری گاڑی کا سائیڈ مرر اور فرنٹ شیشہ توڑ دیا، گالم گلوچ اور سرعام بدمعاشی کی۔درخواست گزار نے یہ بھی لکھا کہ ملزمان نے ہماری گاڑی کو تو نقصان پہنچایا اور ان سب کی میرے پاس بطور ثبوت ویڈیو موجود ہے لہذا ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں