وہاڑی، عیدالاضحیٰ پر فول پروف سکیورٹی ، 1323 اہلکار تعینات
عید کے اجتماعات، بازاروں اور مویشی منڈیوں پر خصوصی نگرانی کا فیصلہ
وہاڑی(خبرنگار) ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے گزشتہ برس کی نسبت مزید مؤثر سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے ۔ ضلع بھر میں 535 عید اجتماعات کیلئے 1323 پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سکیورٹی ڈیوٹی پر ڈی ایس پیز، انسپکٹرز، سب انسپکٹرز، اے ایس آئیز، لیڈی پولیس اور دیگر اہلکار شامل ہوں گے ۔ بڑے اجتماعات پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی جبکہ موبائل گشت اور ویجیلنس ٹیمیں بھی متحرک رہیں گی۔
ڈی پی او کے مطابق مویشی منڈیوں، قبرستانوں، بازاروں، تفریحی مقامات اور اہم شاہرات پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، پتنگ بازی، منشیات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا جبکہ اشتہاری اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خالی گھروں کی حفاظت یقینی بنائیں، قربانی کی آلائشیں مقررہ مقامات پر تلف کریں اور نہروں و دریاؤں میں نہانے سے گریز کریں۔ پولیس کے مطابق عید کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام اہلکار الرٹ رہیں گے ۔