غیر معیاری برف کی فروخت شہریوں کا شدید احتجاج

غیر معیاری برف کی فروخت  شہریوں کا شدید احتجاج

چوک سرور شہید (نمائندہ دنیا) چوک سرور شہید میں غیر معیاری اور مضر صحت برف کی مبینہ فروخت کے خلاف شہریوں نے۔۔

 شدید احتجاج کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق لیہ روڈ پر محمد آباد کے قریب فروخت کی جانے والی برف کے استعمال پر سنگین خدشات سامنے آئے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ جب مذکورہ برف کو پانی میں ڈالا جاتا ہے تو پانی سے ناگوار بدبو آنے لگتی ہے جبکہ اس کا ذائقہ بھی تبدیل ہو جاتا ہے۔ ، جس سے شبہ پیدا ہوتا ہے کہ برف کی تیاری میں غیر معیاری یا آلودہ پانی استعمال کیا جا رہا ہے ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں ہزاروں شہری پینے کے پانی اور ٹھنڈے مشروبات کیلئے برف استعمال کرتے ہیں، ایسے میں غیر معیاری برف انسانی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مضر صحت برف مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے ۔عوامی اور سماجی حلقوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ برف کے نمونے حاصل کرکے فوری طور پر لیبارٹری ٹیسٹ کروایا جائے اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔شہریوں چودھری محمد اسحاق، منیب غفار، شاہد اشرف، شیخ سہیل احمد، فیاض علی اور دیگر نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چوک سرور شہید میں پنجاب فوڈ اتھارٹی مؤثر کردار ادا نہیں کر رہی۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے معاملے کا نوٹس لینے اور عوام کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں