نیازی چوک تا اعوان چوک بائی پاس حادثات کا گڑھ بن گیا

نیازی چوک تا اعوان چوک بائی پاس حادثات کا گڑھ بن گیا

تیز رفتار گاڑیاں شہریوں کیلئے خطرہ، سپیڈ بریکرز کی عدم موجودگی پر تشویش

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)نیازی چوک سے اعوان چوک بائی پاس تک کا علاقہ راہگیروں اور مقامی آبادی کیلئے خطرناک صورتحال اختیار کر گیا ہے ۔ تیز رفتار بسوں اور دیگر گاڑیوں کی وجہ سے آئے روز حادثات پیش آ رہے ہیں جبکہ سپیڈ بریکرز کی عدم موجودگی شہریوں کیلئے سنگین مسئلہ بن چکی ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق متعدد بار متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے تاہم تاحال کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بائی پاس پر گاڑیوں کی رفتار انتہائی زیادہ ہوتی ہے جس کے باعث طلبہ، بزرگ افراد اور موٹرسائیکل سواروں کی زندگیاں شدید خطرے سے دوچار ہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ اس سڑک پر پہلے بھی کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے ۔ اس کے باوجود ٹریفک کنٹرول اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس پر عوامی حلقوں میں تشویش بڑھ رہی ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال، ہائی وے اتھارٹی اور ٹریفک پولیس سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں