ڈپٹی کمشنر کاگوجرنوالہ میں صفائی ،سہولیات فراہمی کاجائزہ

 ڈپٹی کمشنر کاگوجرنوالہ میں صفائی ،سہولیات فراہمی کاجائزہ

کچا فتومنڈ کے علاقوں میں ناقص صفائی پر برہم،سپروائزر و دیگر عملہ کی معطلی کاحکم

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی نوید احمد نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی ، سیوریج، تجاوزات کے خاتمے ، گرین بیلٹس، پارکس اور شہری خوبصورتی کے حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ کھوکھرکی اور کچا فتومنڈ کے علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ سپروائزر و دیگر عملے کی معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا۔ تحصیل منیجر کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے ملاقاتیں بھی کیں، ان کے مسائل سنے اور ہدایت کی کہ صفائی اور سیوریج سے متعلق تمام شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔

ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے سیٹلائیٹ ٹاؤن کا دورہ کرتے ہوئے پارکوں، گرین بیلٹس اور رہائشی علاقوں میں صفائی و دیکھ بھال کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سٹیلائیٹ ٹاؤن ماڈل مارکیٹ منصوبے کے تحت زیر تکمیل خوبصورت پارک اور دیگر ترقیاتی کاموں کی پیشرفت بھی دیکھی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور ایک خوشگوار ماحول بھی میسر آئے گا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کمشنر روڈ کا دورہ کیا اور واسا کی جانب سے کی جانے والی کھدائی اور سیوریج کنکشن کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ مرمتی کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ اور حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں