دوکوٹہ تا ٹبہ سلطان پور روڈ کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا
حادثات میں اضافہ،سڑک کی فوری تعمیرکیلئے وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ
دوکوٹہ (نامہ نگار)دوکوٹہ سے ٹبہ سلطان پور اور میلسی سائفن تک روڈ کی حالت انتہائی ابتر ہو چکی ہے ۔ جگہ جگہ گڑھے پڑنے کے باعث سڑک مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کے نتیجے میں ٹریفک حادثات معمول بن گئے ہیں جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق دوکوٹہ سے ملتان روڈ 17 کلومیٹر ٹبہ سلطان پور تک اور ہیڈ سائفن تک 25 کلومیٹر کا روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ چکا ہے ۔ سڑک پر گہرے گڑھوں کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور مسافر سفر کے دوران اذیت میں مبتلا ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق ایک سال قبل اس روڈ کی تعمیر کے حوالے سے سیاسی گروپوں کی جانب سے اعلانات کیے گئے تھے تاہم تاحال عملی اقدامات سامنے نہیں آ سکے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سیاسی دعوے صرف اعلانات تک محدود رہے جبکہ زمینی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے ۔عوامی، سماجی اور کاروباری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹبہ سلطان پور سے ہیڈ سائفن اور مدینہ چوک تک اس خستہ حال روڈ کی فوری تعمیر کا نوٹس لیا جائے اور اسے ون وے معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور آسان سفر کی سہولت میسر آ سکے اور حادثات میں کمی لائی جا سکے ۔