ستھرا پنجاب مہم ناکام، اندرون شہر گندگی کے ڈھیر
سیوریج کے پانی اور تعفن سے شہری پریشان، فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) حکومت پنجاب کی ستھرا پنجاب مہم خانیوال شہر کے بعض اندرونی علاقوں میں مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔ گلیوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر گندگی کے ڈھیر جمع ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق اندرون شہر متعدد مقامات پر کچرا کئی روز سے نہیں اٹھایا گیا جس کے باعث گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں۔ بعض علاقوں میں سیوریج کا پانی بھی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہے جس سے تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ متاثرہ علاقوں سے گزرنا اور روزمرہ سرگرمیاں انجام دینا مشکل ہو گیا ہے ۔رہائشیوں نے بتایا کہ گندگی اور کھڑے پانی کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ گرمی کے موسم میں تعفن اور مچھروں کی افزائش سے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے دعوؤں کے باوجود عملی صورتحال مختلف نظر آتی ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خانیوال کے متاثرہ علاقوں میں فوری بنیادوں پر صفائی آپریشن شروع کیا جائے ، سیوریج مسائل حل کیے جائیں اور صفائی کے نظام کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو گندگی، تعفن اور بیماریوں کے خطرات سے نجات مل سکے ۔