قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی نہ ہونے پر متاثرین کا احتجاج

قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی نہ ہونے پر متاثرین کا احتجاج

پولیس پر جانبداری کا الزام ،متاثرین کا اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)روہیلانوالی کے رہائشی متاثرین نے مخالف فریق اور مبینہ طور پر مقامی پولیس کی ملی بھگت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس، ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، آر پی او ڈی جی خان اور ڈی پی او مظفرگڑھ سے فوری انصاف اور تحفظ کی اپیل کی ہے ۔متاثرین جنت بی بی، عبدالحکیم اور جنید آرائیں نے دیگر اہلخانہ کے ہمراہ مظفرگڑھ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے انتقال نمبر 7902کے ذریعے 6کنال 8مرلے رقبہ حاصل کیا ہے جس پر ان کے بااثر رشتہ دار محمد عثمان، محمد رمضان، محمد عرفان، محمد مظہر اور عنصر رمضان وغیرہ زبردستی قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مخالفین نہ صرف انہیں آئے روز تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں بلکہ جب وہ قانونی کارروائی کے لیے تھانہ روہیلانوالی جاتے ہیں تو پولیس بااثر افراد کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے الٹا انہیں ہی حراست میں لے لیتی ہے ۔ متاثرین کے مطابق ایس ایچ او سے رجوع کرنے پر انہیں پریس کانفرنس کرنے پر بھی سوالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔متاثرین نے کہا کہ پولیس کی عدم توجہی کے باعث قبضہ مافیا کی غنڈہ گردی بڑھتی جا رہی ہے جس سے ان کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ زمین کے تنازع پر انہیں مسلسل دباؤ اور دھمکیوں کا سامنا ہے ۔متاثرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدار افسران سے آزادانہ انکوائری کرائی جائے اور انہیں میرٹ کی بنیاد پر انصاف اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں