چوک سرورشہید میں متحدہ علماء مشائخ امن کمیٹی کا قیام
تمام مکاتب فکر کے علماء کا اتحاد، امن و ہم آہنگی کے فروغ پر اتفاق
چوک سرورشہید (نامہ نگار) تحصیل چوک سرورشہید میں بین المسالک ہم آہنگی، اتحادِ امت اور قیامِ امن کے فروغ کے لیے مختلف مکاتب فکر کے جید علماء و مشائخ نے مشترکہ طور پر متحدہ علماء مشائخ امن کمیٹی قائم کر دی ہے ۔ اس موقع پر دیوبندی، بریلوی، اہل حدیث، فقہ جعفریہ اور جماعت اسلامی سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء نے شرکت کی اور باہمی اتحاد و اتفاق کے عزم کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ پر مولانا احسان قادر کے ڈیرے پر منعقدہ اجلاس میں تحصیل بھر میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ رواداری کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر تنظیمی ڈھانچہ بھی تشکیل دیا گیا جس کے مطابق مختلف عہدوں پر جید علماء و مشائخ کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور برداشت کا دین ہے اور موجودہ حالات میں تمام مکاتب فکر کے درمیان اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے مشترکہ دینی و ملی مقاصد کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ معاشرے میں امن و سکون قائم رہے ۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام اکابرین اور مقدسات کا احترام یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی مسلک یا شخصیت کے خلاف توہین آمیز رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سمیت دیگر مذہبی مواقع پر مکمل امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔