چوک کمہاراں والا فلائی اوور تلے سپورٹس کورٹ بنانے کا منصوبہ تیار
سپورٹس کورٹ کی تعمیر سے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیاں میسر آئیں گی، کلمہ چوک پر نیوز کارنر بنانے کی بھی تجویز، سو فٹی روڈ پر شجرکاری کا عمل جاری ہے ، سید وسیم حسن
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے شہر کے مختلف گرین بیلٹس، چوکوں اور پارکوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹی کلچر سعد قریشی اور ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ نوید بھٹہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ایم ڈی نے عام خاص باغ، عیدگاہ پارک، سو فٹی گرین بیلٹ، ہائی کورٹ وال، نو نمبر چونگی اور چوک کمہاراں والا کا معائنہ کیا اور شجرکاری، پینٹ ورک اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران کلمہ چوک پر نیوز کارنر اور چوک کمہاراں والا فلائی اوور کے نیچے سپورٹس کورٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔سید وسیم حسن نے کہا کہ سو فٹی روڈ پر گھاس اور پودوں کی شجرکاری کا عمل جاری ہے جبکہ شہر میں بیوٹیفکیشن کے ساتھ شجرکاری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معروف شاہراہوں کو پینٹ ورک اور شجرکاری کے ذریعے مزید خوبصورت بنایا جا رہا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین ویژن پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نو نمبر چونگی اور چوک رشید آباد فلائی اوور پر پینٹ ورک جاری ہے ، جبکہ ہائی کورٹ وال پر پلانٹرز کی تنصیب اور پینٹ ورک مکمل کر لیا گیا ہے ۔ عیدگاہ چوک پر نئے پارک کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور سو فٹی روڈ پر شجرکاری کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کو مزید سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔