بجٹ میں عوام کو بڑا ریلیف دیا جائے ، عوامی وکاروباری حلقے

بجٹ میں عوام کو بڑا ریلیف دیا جائے ، عوامی وکاروباری حلقے

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشرافیہ مراعات ختم کرنے کا بھی مطالبہ

جودھ پور(نمائندہ دنیا) مہنگائی کے ہاتھوں پسے ہوئے عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں غریب اور سفید پوش طبقے کو بڑا ریلیف دیا جائے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے اور اشرافیہ کو دی جانے والی مراعات ختم کرکے وسائل کو عام آدمی کی فلاح پر خرچ کیا جائے ۔کبیروالا اور بارہ میل کی عوامی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کو چاہیے کہ وہ انتخابی وعدوں کو عملی شکل دے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور حالات اس حد تک خراب ہو چکے ہیں کہ بعض افراد مایوسی کا شکار ہو کر انتہائی اقدامات کی طرف بھی جا رہے ہیں، جو انتہائی تشویشناک امر ہے ۔شرکاء نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ آئندہ بجٹ میں نہ صرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کرے بلکہ اشرافیہ کے غیر ضروری اخراجات اور مراعات ختم کرے ۔ اس کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کو بھی ریلیف دیا جائے جو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے تاکہ زرعی شعبہ ترقی کر سکے اور ملک میں غذائی استحکام پیدا ہو۔ عوامی و سماجی شخصیات نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی غربت اور مہنگائی نے عوام کو فاقوں اور مایوسی کی طرف دھکیل دیا ہے ، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ اس بجٹ میں عملی اور فوری ریلیف اقدامات کرے تاکہ عوام کو کچھ سہارا مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں