پولٹری مافیا کی مبینہ من مانیاں ، سرکاری ریٹ لسٹیں نظر انداز، گوشت مہنگا، وزن بھی کم

 پولٹری مافیا کی مبینہ من مانیاں ، سرکاری ریٹ لسٹیں نظر انداز، گوشت مہنگا، وزن بھی کم

بعض عناصر سرکاری ریٹ لسٹ سے 50 سے 100 روپے فی کلو اضافی وصول کر رہے ، شہریوں کو ایک کلو کے بجائے 900 گرام گو شت مل رہا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مؤثر کارروائی نہیں کر رہے

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)فیصل آباد میں پولٹری مافیا کی جانب سے سرکاری ریٹ لسٹوں کو نظر انداز کرتے ہوئے چکن کی من مانی قیمتوں پر فروخت اور وزن میں کمی کے الزامات سامنے آئے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق پولٹری اور چکن فروشی کے کاروبار سے منسلک بعض عناصر مبینہ طور پر سرکاری ریٹ لسٹ کے برعکس 50 سے 100 روپے فی کلو اضافی وصول کر رہے ہیں، جبکہ شہریوں کو مکمل ایک کلو کے بجائے 900 گرام یا اس سے بھی کم مقدار فراہم کی جا رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شکایات کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔

جس کے باعث ناجائز منافع خوری کرنے والے عناصر کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے ۔مزید یہ کہ بعض شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اگر کوئی خریدار سرکاری نرخ پر مکمل وزن کا مطالبہ کرے تو دکانداروں کی جانب سے ناروا رویہ اور مبینہ دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پولٹری مصنوعات کی سرکاری نرخوں پر فروخت اور مکمل وزن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ناجائز منافع خوری سے بچایا جا سکے ۔پولٹری مافیا کی جانب سے اعتراض کر نے والوں کو دھمکیاں دیتے ہوئے خوف و ہراس کا شکار بھی بنایا جاتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں