امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام، شفافیت یقینی بنانیکی ہدایت
ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے شفافیت اور مانیٹرنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے کہا ہے کہ امتحانی مراکز پر تعینات عملہ نقل کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے اور امتحانی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار امتحانی مراکز کے دورے کے دوران کیا، جہاں انہوں نے جاری امتحانات کے انتظامات، سکیورٹی صورتحال، شفافیت اور مانیٹرنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف امتحانی کمروں کا معائنہ کیا اور امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے سے ملاقات کرتے ہوئے ہدایت کی کہ امتحانات کا انعقاد شفاف اور منصفانہ طریقے سے یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شفاف امتحانی نظام میرٹ کے فروغ اور طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ، لہٰذا امتحانات کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور امتحانی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو امتحانات کے انتظامات، سیکیورٹی اقدامات اور مانیٹرنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امتحانی مراکز میں پرامن ماحول برقرار رکھنے پر زور دیا۔