جامعہ عنائتیہ کے پلاٹس کی تعمیر میں کرپشن، ناقص میٹریل استعمال
ادھورا کام اور خراب ٹف ٹائلز، جنازہ گاہ میں شہریوں کو مشکلات ، کارروائی کا مطالبہ
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) جامعہ عنائتیہ پرانی سبزی منڈی کے پلاٹوں کی تعمیراتی کام میں مبینہ کرپشن اور ناقص میٹریل کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق ٹھیکیدار نے مبینہ طور پر ملی بھگت سے پلاٹوں کے کچھ حصے پر انتہائی غیر معیاری اور ناقص ٹف ٹائلز لگائیں اور کام ادھورا چھوڑ کر موقع سے غائب ہو گیا۔ادھورے اور ناقص تعمیراتی کام کے باعث جنازہ گاہ کا رقبہ شدید متاثر ہوا ہے ، جس کی وجہ سے جنازے کے ساتھ آنے والے سوگواران اور قریبی شہریوں کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور کمشنر ملتان عمار کریم سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار ٹھیکیدار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔