ستمبر تک نہروں کے اطراف 10 لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ دیدیاگیا

ستمبر تک نہروں کے اطراف 10 لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ دیدیاگیا

سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے یا تجاوزات برداشت نہیں کیے جائیں گے ،سرکاری زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور مربوط حکمت عملی اختیار کریں، کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا کی جانب سے نہری رائٹ آف وے کی بحالی ،تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ ستمبر تک نہروں کے اطراف 10 لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ دیدیا گیا۔کمشنر سرگودھا ڈویڑن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ماحولیاتی اثرات کے جائزے اور نہروں کے رائٹ آف وے کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ انہار، جنگلات، ریونیو، اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نہری اراضی پر تجاوزات، ماحولیاتی آلودگی، شجرکاری مہم، آبی گزرگاہوں کی بہتری اور نہری رائٹ آف وے کی بحالی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ نہری رائٹ آف وے کی بحالی حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نہروں کے اطراف سرکاری اراضی پر کسی قسم کے غیر قانونی قبضے یا تجاوزات برداشت نہیں کیے جائیں گے اور متعلقہ ادارے اس حوالے سے مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور سرکاری زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ،کمشنر نے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے تناظر میں شجرکاری، قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ نہروں کے اطراف ستمبر تک 10 لاکھ پودے لگائے جائیں اور عوام میں ماحولیات کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ نہری رائٹ آف وے کی بحالی سے نہ صرف آبی نظام کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ زرعی سرگرمیوں، ماحول کے تحفظ اور عوامی مفاد کو بھی تقویت ملے گی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ماحولیاتی بہتری، سرکاری اراضی کے تحفظ اور نہری نظام کی بحالی کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اقدامات کو تیز کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں