مظفرگڑھ میں محرم سکیورٹی پلان کا جائزہ، دورے جاری

 مظفرگڑھ میں محرم سکیورٹی پلان کا جائزہ، دورے جاری

ڈی پی او کا خانگڑھ، ڈومہ اور سیت پور کا دورہ، فول پروف سکیورٹی کی ہدایت

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عزائداری کے پروگراموں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ سید غضنفر علی شاہ نے خانگڑھ، ڈومہ اور سیت پور کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈی پی او نے جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات اور مجموعی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے منتظمین جلوس اور مقامی معززین سے ملاقاتیں کیں اور محرم الحرام کے دوران درپیش مسائل، انتظامات اور سکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ منتظمین کی تجاویز اور تحفظات بھی سنے گئے جن پر متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی۔ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے ہر جلوس، مجلس اور مذہبی پروگرام کے لیے علیحدہ اور مربوط سیکیورٹی پلان تیار کیا جا رہا ہے تاکہ عزاداروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں، موبائل گشت اور دیگر جدید ذرائع سے کی جائے گی۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔منتظمین جلوس اور مقامی شہریوں نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں