گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت،انسانی صحت خطرے میں
زہریلی سبزیاں بازاروں میں سپلائی، فوڈ اتھارٹی پر خاموشی کے الزامات
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج اور کیمیکل ملے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے ، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق مختلف علاقوں میں گٹروں کے گندے پانی سے سبزیاں اگائی جا رہی ہیں اور مبینہ طور پر یہ زہریلی سبزیاں روزانہ شہر کی سبزی منڈی اور بازاروں میں بلا روک ٹوک سپلائی کی جا رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گندے پانی کی بدبو اور مچھروں نے پہلے ہی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ، اب یہی آلودگی خوراک کے ذریعے گھروں تک پہنچ رہی ہے جس سے صحت کے سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔عوام کے مطابق ان سبزیوں کے استعمال سے بچے اور بڑے پیٹ کے امراض، ہیپاٹائٹس اور جلدی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، جس سے صحت عامہ شدید خطرات سے دوچار ہے ۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے اس سنگین صورتحال پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی اور متعلقہ افسران مبینہ طور پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندے پانی سے سبزیاں کاشت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور غفلت برتنے والے افسران کا بھی محاسبہ کیا جائے ۔