پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے ، بابر قریشی

پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے ، بابر قریشی

تاجر برادری ، عوام کومسائل کے حل کیلئے مشترکہ کاوشیں ناگزیر،عارف فصیح

ملتان (لیڈی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر الحاج بابر علی قریشی اور تاجر رہنما عارف فصیح اللہ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف چھ روپے فی لٹر کمی عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لئے ناکافی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی نہیں کی جاتی، عام شہری اور تاجر طبقہ معاشی مشکلات سے نجات حاصل نہیں کر سکتا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹمبر مارکیٹ کے چیئرمین حاجی نیاز قریشی کو مرکزی تنظیم تاجران جنوبی پنجاب کا نائب صدر مقرر ہونے پر مبارکباد دینے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور ہر فورم پر تاجروں کے حقوق کا دفاع کیا جائے گا۔اس موقع پر نو منتخب نائب صدر جنوبی پنجاب اور چیئرمین ٹمبر مارکیٹ حاجی نیاز قریشی نے کہا کہ وہ الحاج بابر علی قریشی اور عارف فصیح اللہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

 اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجروں کے مفادات کے تحفظ اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں