انتظامی غفلت،مڈل امتحانات کا نگران عملہ معاوضوں سے تاحال محروم

انتظامی غفلت،مڈل امتحانات کا نگران عملہ معاوضوں سے تاحال محروم

ملتان ساڑھے 3ہزار، لاہور میں 5ہزار سے زائد اساتذہ، عملے کے ارکان کو 2ماہ گزرنے کے بعد بھی معاوضہ ادا نہ کیا جاسکا، سخت گرمی میں فرائض انجام دیئے ،حق نہیں ملا، متاثرین

ملتان(خصوصی رپورٹر) آٹھویں بورڈ کے امتحانات میں فرائض انجام دینے والا نگران اور امتحانی عملہ دو ماہ گزرنے کے باوجود اپنے معاوضوں کی ادائیگی سے محروم ہے جس کے باعث اساتذہ اور دیگر عملے میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق صرف ملتان میں ساڑھے تین ہزار سے زائد جبکہ لاہور میں پانچ ہزار سے زیادہ اساتذہ و عملے نے آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں مختلف فرائض سرانجام دیئے حکام کی جانب سے نگران عملے کے لئے 4 ہزار روپے یومیہ جبکہ سپرنٹنڈنٹس کے لئے 5 ہزار روپے یومیہ معاوضے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسی طرح پیپر چیک کرنے والے ایگزمینرز کو 25 روپے فی پرچہ ادائیگی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔امتحانات کے انعقاد اور نتائج مکمل ہونے کے باوجود تاحال ادائیگیاں نہ ہونے پر متاثرہ عملے میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے ۔ آٹھویں بورڈ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 10 اپریل کو کیا گیا تھا تاہم اس کے باوجود نگران، سپرنٹنڈنٹس اور ایگزمینرز اپنے واجبات کے منتظر ہیں۔متاثرہ اساتذہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے سخت گرمی اور ذمہ داری کے ماحول میں اپنے فرائض بخوبی انجام دیئے ، مگر اب انہیں اپنے ہی معاوضوں کے حصول کے لئے انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر فنڈز جاری کرکے تمام واجبات ادا کئے جائیں تاکہ اساتذہ اور امتحانی عملے میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے ۔

دوسری جانب تعلیمی حلقوں نے بھی معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانی نظام کی بہتری کے لئے ضروری ہے کہ عملے کو بروقت معاوضے فراہم کئے جائیں تاکہ مستقبل میں بھی اساتذہ ذمہ داری سے امتحانی فرائض انجام دے سکیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں