سگریٹ چوری کے شبہ میں بچے پر تشدد، باپ بیٹا گرفتار
جہانیاں (نمائندہ دنیا) سگریٹ چوری کے شبہ میں دوکاندار نے 9 سالہ بچے کو رسیوں سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے۔۔۔
باپ بیٹے کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا جبکہ بچے کو بازیاب کرا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اللہ داد بازار میں قائم ایک پان شاپ کے مالک مختیار احمد اور اس کے بیٹے گلزار احمد نے سگریٹ چوری کے شبہ میں 9 سالہ بچے علی حیدر کو پکڑ لیا۔ ملزمان نے بچے کے ہاتھ پاؤں رسیوں سے باندھ کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور چار گھنٹے تک شدید گرمی میں حبس بے جا میں رکھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مقامی پولیس حرکت میں آگئی۔اطلاع ملنے پر تھانہ جہانیاں پولیس موقع پر پہنچی اور رسیوں میں جکڑے بچے علی حیدر کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دوکاندار مختیار احمد اور اس کے بیٹے گلزار احمد کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا۔پولیس کے مطابق متاثرہ بچے کے والد ذوالفقار علی سکنہ 3 مرلہ سکیم جہانیاں کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف بچے پر تشدد کرنے ، حبس بے جا میں رکھنے اور رسیوں سے باندھنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔