محرم الحرام، میپکو کا بجلی بلا تعطل فراہمی کا فیصلہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے جنوبی پنجاب میں محرم الحرام 2026 کے دوران، خصوصاً یومِ عاشور پر مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔۔۔
انہوں نے ریجن کے تمام آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے محرم الحرام کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے جامع انتظامات مکمل کئے جائیں۔ہدایت نامے کے مطابق تمام ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں میں مجالس، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کی نشاندہی کرکے ان علاقوں کو خصوصی توجہ دی جائے ۔ ایگزیکٹو انجینئرز اپنے اپنے ڈویژن میں بجلی کی فراہمی کے مکمل ذمہ دار ہوں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے لیے فوکل پرسن بھی مقرر کئے جائیں گے ۔امام بارگاہوں اور مجالس کو بجلی فراہم کرنے والے ٹرانسفارمرز اور نیٹ ورک کی فوری مرمت اور مینٹیننس کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خرابی سے بچا جا سکے ۔ جلوسوں کے راستوں میں لٹکتی یا ڈھیلی تاروں کو فوری درست کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ تمام افسر اور عملہ دورانِ محرم اپنی ڈیوٹی پر موجود رہے گا اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے گا۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متبادل پلان تیار کرنے ، جنریٹرز کو فعال رکھنے اور ایمرجنسی سامان کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔