پٹرول سے بھرا آئل ٹینکر حادثے کا شکار، لیکیج ، خوف و ہراس
ٹائی راڈ ٹوٹنے سے ٹینکر دکان سے ٹکرا گیا، ریسکیو نے صورتحال کنٹرول کر لی
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) سنانواں کے نواحی علاقے سلطان کالونی روڈ پر شیخو شوگر مل کے قریب پی ایس او کمپنی کا پٹرول سے بھرا آئل ٹینکر ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کنارے واقع بند دکان سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور معمولی زخمی ہو گیا جبکہ پٹرول کی بڑی مقدار لیک ہونے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ محمود کوٹ سے احمد پور سیال جانے والا آئل ٹینکر فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا ہے اور کسی بھی وقت آگ لگنے یا دھماکے کا خطرہ موجود ہے ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر وہیکل اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں جبکہ پولیس کو بھی طلب کر لیا گیا۔ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سیف زون قائم کیا اور ٹینکر کی بیٹری کے ٹرمینل منقطع کر دیے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے ۔ حادثے میں 38 سالہ ڈرائیور لیاقت حسین معمولی زخمی ہوا جسے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔بعد ازاں اے ٹی ایس ٹیم نے متاثرہ ٹینکر سے پٹرول دوسرے خالی آئل ٹینکر میں منتقل کیا جس کے بعد حادثہ زدہ ٹینکر کو موقع سے ہٹا دیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہوا، جبکہ سڑک کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔