گٹر میں دو اہلکاروں کی ہلاکت پر نوٹس،ایم ڈی واسا معطل
سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب کا شفاف انکوائری کا حکم،مقدمہ درج، تحقیقات جاری
لودھراں (سٹی رپورٹر) لودھراں میں گٹر صفائی کے دوران دو واسا اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے نوٹس لے لیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے واقعہ میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف فوجداری دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے لودھراں کے ایم ڈی واسا جاوید اختر کو معطل کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات میں غفلت کسی صورت قابل معافی نہیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت پر ایم ڈی واسا، سائٹ انچارج اور سپروائزر کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق جاوید اختر، روشن ریحان اور علی رضا کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ انکوائری بھی شروع کر دی گئی ہے ۔حکام نے واضح کیا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے ۔