مظفرگڑھ میں لین دین تنازع پر فائرنگ، دو افراد قتل
موٹرسائیکل کے معاملے پر جھگڑا، ایک شخص زخمی بھی ہوا، ملزم فرار
مظفرگڑھ (اے پی پی) تھانہ شاہ جمال کی حدود میں موٹرسائیکل کے لین دین کے تنازع پر فائرنگ کے واقعہ میں دو افراد قتل جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ ہیڈ 76 کے علاقے میں پیش آیا جہاں آصف نامی شخص نے مبینہ طور پر لین دین کے تنازع پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں عرفان اور فرحان موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ اعظم شدید زخمی ہو گیا۔واقعے کے بعد ملزم آصف موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق تھانہ شاہ جمال میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فریقین آپس میں رشتہ دار ہیں۔