زکریا یونیورسٹی میں تنازع، دفاتر بند کرنے کا اعلان
وی سی اور اساتذہ تنظیموں میں تلخ کلامی، سکیورٹی سخت کردی گئی
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی میں وائس چانسلر اور اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا، جس کے بعد آج سے سینڈیکیٹ اجلاس تک ایڈمن بلاک کے دفاتر بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی میں اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی جب مختلف انتظامی اور اساتذہ تنظیموں کے نمائندے وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال سے ملاقات کے لئے پہنچے ۔ ذرائع کے مطابق صبح کے اوقات میں ایمپلائز یونین کے عہدیدار ملک صفدر اور رانا مدثر اقبال نے ڈی پی سی کے اجرا سے متعلق قانونی کارروائی مکمل ہونے اور خزانہ دار آفس کی تصدیق کے بعد فوری تاریخ دینے کا مطالبہ کیا، تاہم وائس چانسلر نے مؤقف اختیار کیا کہ معاملہ سینڈیکیٹ اجلاس کے بعد ہی آگے بڑھایا جائے گا۔اسی دوران اساتذہ تنظیم کے بعض عہدیدار بھی اساتذہ کے تبادلہ کیسز کے حوالے سے وی سی سے ملے ، جہاں فریقین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر معاملہ بڑھ کر سخت گفتگو اور کشیدگی کی صورت اختیار کر گیا۔