ایف بی آر میں اصلاحات ناگزیرہیں ، نسیم حسین لابر

 ایف بی آر میں اصلاحات ناگزیرہیں ، نسیم حسین لابر

قومی مسائل کے حل کیلئے وفاق، صوبوں میں مشاورت ضروری

ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم حسین لابر، اے ڈی خان بلوچ اور خواجہ عمران نے وفاقی بجٹ 2026 پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام خصوصاً مزدور، کسان، نوجوان اور ملازمین کے ساتھ مذاق قرار دیا ہے ۔مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں، جنہوں نے کہا ہے کہ قومی مسائل کے حل کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان آئینی اور باہمی مشاورت ضروری ہے جبکہ ایف بی آر سمیت ریونیو اداروں میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کے بڑھتے بلوں اور کم ہوتی قوت خرید سے پریشان عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔

حکومت نے عام آدمی کے مسائل کم کرنے کے بجائے مزید بوجھ ڈال دیا ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بجٹ سے قبل سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 50 فیصد اضافہ، ای او بی آئی پنشن دوگنا کرنے اور کم از کم اجرت 50 ہزار مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا مگر حکومت نے تمام تجاویز نظر انداز کر دیں۔ انہوں نے کہا مراعات یافتہ طبقے کو فائدہ دینا معاشی انصاف کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ مزدوروں، کسانوں، ملازمین، پنشنرز اور کمزور طبقات کی آواز رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے معاشی، سماجی اور آئینی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر پلیٹ فارم پر جدوجہد جاری رکھے گی۔ 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں