کپاس کی بہتر پیدوار کیلئے جدیدٹیکنالوجی سے کاشت ناگزیر قرار
ڈائریکٹر زراعت کا نمائشی قطعات کا دورہ، حیاتیاتی انسدادِ حشرات کے نظام کا معائنہ
وہاڑی (خبر نگار) ڈائریکٹر زراعت (مربوط انسدادِ ضرر رساں حشرات) لاہور ڈاکٹر محمد زاہد نے دورۂ وہاڑی کے دوران حیاتیاتی انسدادِ حشرات کی تجربہ گاہ اور کپاس کے سات نمائشی قطعات کا معائنہ کیا۔تفصیلات کے مطابق دورے کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) وہاڑی رانا محمد عارف، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور دیگر زراعت افسران بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر محمد زاہد نے تجربہ گاہ میں ٹرائیکوگراما اور کرائسوپرلا کی افزائش اور حیاتیاتی کارڈز کی تیاری کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سینئر زراعت آفیسر محمد سلیم بھٹی نے زیر تربیت افراد کو ان کارڈز کی تیاری، استعمال اور تقسیم کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔محکمہ زراعت کے مطابق رواں مالی سال کے دوران جنوری سے اب تک ایک ہزار سے زائد کاشتکاروں میں 35 ہزار کرائسوپرلا اور 45 ہزار ٹرائیکوگراما حیاتیاتی کارڈز مفت تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
بعدازاں ڈاکٹر محمد زاہد نے کپاس کے نمائشی قطعات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مربوط انسدادِ حشرات کے تحت ضرر رساں حشرات کی نگرانی اور مفید حشرات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روایتی زرعی زہروں پر انحصار کم کر کے مفید حشرات کے فروغ اور مربوط انسدادِ حشرات کے اصول اپنانے سے فصلوں کو کم لاگت میں محفوظ بنایا جا سکتا ہے ، جس سے پیداوار اور منافع میں اضافہ ممکن ہے ۔ رانا محمد عارف نے کہا کہ نمائشی قطعات کے ذریعے کسانوں کو جدید زرعی طریقوں کی عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کپاس کی پیداوار میں بہتری اور پائیدار بحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔