قرآن مجید ہی معاشرتی اصلاح اور فلاح کا حقیقی ذریعہ ،حمیرا طارق
ملتان (کرائم رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ معاشرے میں اصلاح اور فلاح کا واحد ذریعہ قرآن مجید ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شریعت ہمیں نظام کی تبدیلی کے لیے جو لائحہ عمل دیتی ہے وہ برسرِ زمین اصلاح، تربیت اور ذہن سازی کے ذریعے زمامِ کار کی تبدیلی ہے ۔ وہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہر دل تک قرآن مہم کے تسلسل میں منعقدہ فہمِ قرآن کلاس کے شرکاء اور مربیات کی خصوصی نشست سے خطاب کر رہی تھیں۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ قرآن کریم وہ آفاقی دستورِ حیات ہے جو افراد، خاندان اور معاشرے کی حقیقی تعمیر و اصلاح کی ضمانت دیتا ہے ، اور اسی کی تعلیمات پر عمل کر کے ایک صالح اور عادلانہ معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے ۔