مذہبی منافرت کیس، گرفتار وکیل کی درخواست ضمانت مسترد
ملتان (کورٹ رپورٹر)مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں گرفتار وکیل ایڈوکیٹ عباس وسیر کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ ناصر شہزادی نے درخواست خارج کر دی۔
استغاثہ کے مطابق ملزم کے خلاف سکیورٹی اداروں کو دھمکیاں دینے کے الزام میں بھی مقدمہ درج ہے ۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر ملزم کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا، تاہم وکلا کے مطالبے پر اسے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ دوسری جانب ملتان بار ایسوسی ایشن نے گرفتار وکیل کے خلاف درج مقدمے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد مقدمے کی مزید کارروائی قانون کے مطابق جاری رہے گی۔