بزرگ شخص کی گھر میں پراسرار موت، تحقیقات شروع

بزرگ شخص کی گھر میں  پراسرار موت، تحقیقات شروع

ملتان (کرائم رپورٹر) تھانہ بی زیڈ کے علاقے چونگی نمبر 6، بوسن روڈ پر 80 سالہ شخص اپنے گھر میں پراسرار طور پر مردہ حالت میں پایا گیا۔

 اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کر دی اور واقعہ کی تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق عمران بھٹہ نے اطلاع دی کہ ان کا ہمسایہ حسام الدین قریشی گھر میں اکیلا رہتا تھا، جبکہ اس کی اہلیہ اور بچے امریکہ میں مقیم ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دکانداروں نے دکانیں کھولیں تو علاقے میں بدبو محسوس ہوئی، جس پر شک ہونے پر چند افراد گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے ، جہاں حسام الدین قریشی مردہ حالت میں پڑا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر موت کی وجہ کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں یہ معلوم کیا جائے گا کہ واقعہ طبعی موت، قتل یا خودکشی کا نتیجہ ہے ۔ پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں