منڈیوں سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا ،اظہر کمبوہ
آڑھتیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہیں، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی
ملتان (لیڈی رپورٹر)سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ملتان اظہر کمبوہ نے کہا ہے کہ دونوں منڈیوں کو ماڈل بنانا ان کا مشن ہے اور منڈیوں سے تجاوزات کا مکمل صفایا کر دیا گیا ہے ۔ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر آپریشن جاری ہے جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آڑھتیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ عوام کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔ پرائس کنٹرول سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے اور خصوصی طور پر ٹماٹر سرکاری نرخوں پر فروخت کرانے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔اظہر کمبوہ نے واضح کیا کہ گراں فروشی، ناجائز منافع خوری یا سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دونوں منڈیوں میں روزانہ خود نگرانی کر رہا ہوں تاکہ شہریوں کو معیاری اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔