گلستانِ جوہر اور بولٹن میں جدید فائر اسٹیشنز کا افتتاح
تین دہائیوں سے ویران اسٹیشن کوفعال ایمرجنسی رسپانس سینٹر کی شکل دی گئی ماضی کے تجربات سے سیکھتے ہوئے عملی اقدامات کیے ہیں ،میئر مرتضیٰ وہاب
کراچی (این این آئی)میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں ہنگامی امدادی خدمات اور آگ بجھانے کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت کے طور پر گلستانِ جوہر اور بولٹن مارکیٹ میں نئے بحال شدہ فائر اسٹیشنز کا افتتاح کردیا۔ یہ اقدام بلدیہ عظمیٰ کی اس جامع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد شہر کے ریسکیو اور فائر فائٹنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے شہریوں کو تیز رفتار اور مؤثر ہنگامی خدمات فراہم کرنا ہے ۔ میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان فائر اسٹیشنز کا قیام شہر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے ،گلستانِ جوہر فائر اسٹیشن تقریباً تین دہائیوں بعد بحال کیا گیا۔
جو طویل عرصے سے غیر فعال اور ویران پڑا تھا، اب اسے مکمل طور پر فعال ایمرجنسی رسپانس سینٹر کی شکل دے دی گئی ہے جو گلستانِ جوہر اور اس سے ملحقہ علاقوں کو خدمات فراہم کریگا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی ماضی میں کئی بڑے اور تباہ کن آتشزدگی کے واقعات کا سامنا کرچکا ہے جن سے یہ سبق ملا کہ شہر کو مضبوط انفرااسٹرکچر، جدید آلات اور بہتر تیاری کی اشد ضرورت ہے ،ہم نے ماضی کے تجربات سے سیکھتے ہوئے عملی اقدامات کیے ہیں۔میئر نے مزید کہا کہ موجودہ فائر اسٹیشنز کی مرمت اور اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ کے تعاون سے جدید فائر فائٹنگ مشینری اور آلات بھی خریدے جارہے ہیں۔