مبینہ جھوٹے مقدمے اور پولیس کارروائی کیخلاف احتجاج

مبینہ جھوٹے مقدمے اور پولیس کارروائی کیخلاف احتجاج

مظاہرین کا چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کا الزام، انصاف کی اپیل

وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) نواحی علاقے 31 ڈبلیو بی کے رہائشیوں نے مبینہ جھوٹے مقدمے اور پولیس کارروائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے غیرجانبدارانہ تحقیقات اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔احتجاج کے دوران انور بی بی، امیراں بی بی اور محمد پرویز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ امجد بھٹی، سرفراز بھٹی، ظہور احمد اور ریاست علی بھٹی نے ان کے خلاف 400 توڑے مکئی چوری کا جھوٹا مقدمہ درج کرایا، جس کے بعد ان کے خاندان کے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات تھانہ صدر پولیس ٹیم کے ہمراہ ان کے گھر پہنچی، جہاں بغیر سرچ وارنٹ اور لیڈیز پولیس کے کارروائی کی گئی۔ متاثرین کے مطابق اس دوران دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہونے ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے ، گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ، عمر رسیدہ خاتون سے بدزبانی کرنے اور ایک موٹر سائیکل ساتھ لے جانے جیسے واقعات پیش آئے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ قانون پر یقین رکھتے ہیں، تاہم ان کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی پنجاب اور ڈی پی او وہاڑی سے مطالبہ کیا کہ مقدمے اور پولیس کارروائی کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جائے ، تمام فریقین کا مؤقف سنا جائے اور اگر کسی بھی جانب سے قانون کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اس حوالے سے مؤقف جاننے کے لیے تھانہ صدر پولیس سے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم رابطہ نہ ہو سکا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں