گولڈن جوبلی تقریب، میاں خورشید انور کو خراجِ عقیدت پیش

گولڈن جوبلی تقریب، میاں خورشید انور کو خراجِ عقیدت پیش

ترقی، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)ضلع وہاڑی کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں ایک نجی مارکی میں عوامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر اورنگزیب خان کچھی، صوبائی وزیر رمیش سنگھ، ایم پی اے میاں ثاقب خورشید، سابق ضلع ناظم و سابق سپیکر پنجاب اسمبلی سعید احمد خان منہیس، تابش علوی، سید شاہد مہدی نسیم شاہ اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطاب میں ضلع وہاڑی کے قیام کے بانی میاں خورشید انور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ضلع وہاڑی کے قیام کے لیے بے مثال جدوجہد کی اور عوام کے لیے تاریخی خدمت سرانجام دی۔ انہوں نے کہا کہ میاں خورشید انور کی جرات مندانہ اور بے باک سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں وہاڑی کو ضلع کا درجہ ملا، جس سے علاقے کی ترقی کی نئی راہیں کھلیں۔مقررین نے کہا کہ موجودہ قیادت نے بھی ضلع وہاڑی کی ترقی، رواداری اور محبت کی بنیادوں کو مزید مضبوط کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے وہاڑی اور میلسی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر فنڈز فراہم کیے گئے ہیں اور صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم، ہندو، مسیحی اور سکھ برادریوں کی مشترکہ شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاڑی میں مختلف مذاہب کے باوجود سب شہری پرامن اور خوشگوار ماحول میں رہ رہے ہیں۔تقریب کے میزبان ایم پی اے میاں ثاقب خورشید نے ضلع وہاڑی کی تشکیل کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یکم جولائی 1976ء کو ان کے والد میاں خورشید انور مرحوم اور اس وقت کی قیادت کی کوششوں سے وہاڑی کو ضلع کا درجہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع کی ترقی و خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے ۔تقریب میں دیگر مقررین چوہدری محمد یوسف کسیلیہ، نوشیر انجم لنگڑیال، چوہدری فقیر احمد آرائیں، آفتاب احمد خان کھچی، میاں عرفان دولتانہ، سردار خالد محمود ڈوگر، آصف سعید منیس اور راؤ محمد افضل نے بھی میاں خورشید انور مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ضلع کی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر ایک طالب علم نے ملی نغمہ \\\"اے وہاڑی تو میرا مان، میری شان\\\" پیش کیا، جبکہ مختلف معزز شخصیات میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں