وہاڑی میں سنگل یوز پلاسٹک کے مضر اثرات پر آگاہی سیمینار

وہاڑی میں سنگل یوز پلاسٹک کے مضر اثرات پر آگاہی سیمینار

غیر قانونی شاپر بیگز کیخلاف کارروائیاں ، 80 ہزار جرمانہ، 11 ہزار کلوگرام ضبط

وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد ادریس کی قیادت میں سنگل یوز پلاسٹک کے مضر اثرات اور ماحول کے تحفظ سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کی صدارت اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات قرۃ العین اکرم نے کی، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ شاہ، پروفیسر ڈاکٹر عمران بھٹی، صدر انجمن تاجران ارشاد حسین بھٹی، صدر پلاسٹک ایسوسی ایشن شیخ محمد علی احمد، صدر انجمن کریانہ ایسوسی ایشن اسلم مدنی، انسپکٹر ماحولیات محمد جاوید اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 40 کروڑ ٹن پلاسٹک تیار کیا جاتا ہے ، جس کا نصف حصہ سنگل یوز پلاسٹک پر مشتمل ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں ٹن پلاسٹک سمندروں، دریاؤں اور دیگر آبی ذخائر میں شامل ہو کر ماحول کو آلودہ کرتا اور آبی حیات سمیت انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بیگز کے بجائے کپڑے اور کاغذ کے تھیلوں کا استعمال فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔سیمینار میں بتایا گیا کہ محکمہ ماحولیات وہاڑی نے پلاسٹک بیگز کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائیوں کے دوران اب تک 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے ، جبکہ 11 ہزار کلوگرام شاپر بیگز بھی ضبط کیے جا چکے ہیں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی، ری سائیکلنگ کے فروغ اور صاف ستھرے ماحول کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں