گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ منصوبہ پر موثر عملدارآمد کا حکم

گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ منصوبہ پر موثر عملدارآمد کا حکم

ریونیو نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرکے عوام کو شفاف، محفوظ، تیز تر سہولت فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز

ملتان ( وقائع نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ریونیو جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ، پلس پروگرام کے تحت اراضی تقسیم، رجسٹریشن ورک اور ریونیو کیس مینجمنٹ سسٹم سمیت ریونیو اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب ریونیو نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرکے عوام کو شفاف، محفوظ اور تیز ترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ نظام شہریوں کو مستند ملکیتی ریکارڈ، قبضہ کی تصدیق اور محفوظ پراپرٹی ٹرانزیکشنز کی سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے تحت درخواست گزار کی بائیومیٹرک تصدیق، ملکیتی ریکارڈ کی جانچ پڑتال، فیلڈ سروے اور دیگر مراحل مکمل کرنے کے بعد سرٹیفکیٹ کا اجراء کیا جاتا ہے تاکہ زمین کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجراء کے عمل میں غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے ، سروے ٹیموں کی استعداد کار بہتر بنائی جائے اور شہریوں کو مقررہ وقت میں سہولت فراہم کی جائے ۔اجلاس میں پلس پروگرام کے تحت اراضی تقسیم کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع ریونیو ریکارڈ کی درستگی اور زیر التواء معاملات کے حل کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔رجسٹریشن ورک کے جائزہ کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ فیلڈ ریونیو افسروں کی کارکردگی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔ شہریوں کو سہولت فراہم نہ کرنے اور غیر ضروری تاخیر کرنے والے افسر جوابدہ ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں