خونی حادثات کا تسلسل حکومتی دعووں کی نفی،منعم ظفر
پیپلز پارٹی ای چالان کے ذریعے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے قوانین پر عمل، ذمہ داروں کو سزا اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ اداکیاجائے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گزشتہ روز ناظم آباد میں ریس لگاتی منی بسوں کی زد میں آکر ایک خاتون کے جاں بحق ہونے ، شہر میں بڑھتے ٹریفک حادثات اور رواں سال ہیوی ٹریفک و خونی حادثات میں 55خواتین اور 56بچے و بچیوں سمیت 480افراد کے جاں بحق ہونے پر گہری تشویش اور حکومت و محکمہ پولیس کی نا اہلی و ناکامی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہیوی ٹریفک سمیت خونی حادثات میں 480اموات حادثات میں کمی کے حکومتی دعوؤں کی نفی ہے ،شہر کے انفرا اسٹرکچر کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ای چالان کے ذریعے کراچی کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔
ای چالان کے نام پر شہریوں پر بھاری جرمانے تو لگائے جا رہے ہیں لیکن شہر میں خونی حادثات اور ان میں اموات میں کمی نہیں آرہی ، حکومت اور ٹریفک پولیس حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ میں ناکام نظر آرہی ہے اور تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی پابندی کروانے سے بھی قاصر ہے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ حکومت اور محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ خونی حادثات اور شہریوں کی اموات کی روک تھام کیلئے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے اور ٹریفک قوانین پر بلا امتیاز سختی سے عمل درآمد کروایا جائے ،جو لوگ ان حادثات کے ذمہ دار ہیں ان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے ، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں اور ان کے گھرانوں کو معاوضہ ادا کیا جائے۔