الخدمت فاؤنڈیشن میں بلا سود قرضوں کی تقسیم، چیکس فراہم

الخدمت فاؤنڈیشن میں بلا سود قرضوں کی تقسیم، چیکس فراہم

13 بے روزگار افراد کو چیک دئیے گئے ،چھوٹے کاروبارکیلئے مدد فراہم کی گئی

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن ضلع وہاڑی کی جانب سے الخدمت اسلامک مائیکرو فنانس کے تحت بلا سود قرضوں کی فراہمی کے سلسلے میں دفتر الخدمت فاؤنڈیشن فیصل ٹاؤن وہاڑی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 13 بے روزگار افراد میں لاکھوں روپے مالیت کے چیکس تقسیم کیے گئے ۔تقریب کی مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم تھیں، جبکہ صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع وہاڑی سید جاوید حسین شاہ نے صدارت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے استقبال کیا گیا۔ جنرل سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن ملک مقصود اطہر اعوان نے ادارے کے فلاحی منصوبوں اور جاری سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔تقریب میں بے روزگار افراد کو فراہم کیے گئے چیکس کے ذریعے وہ اپنا چھوٹا کاروبار شروع کرکے اپنے اہل خانہ کی کفالت کر سکیں گے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے ، جس سے معاشی طور پر کمزور افراد کو خود کفیل بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بنو قابل پروگرام کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے طلبہ آن لائن کمپیوٹر کورسز کے ذریعے ہنر حاصل کرکے بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔ بعدازاں انہوں نے کمپیوٹر لیب کا بھی دورہ کیا۔تقریب میں چیئرمین الخدمت فاؤنڈیشن چوہدری طارق محمود، سینئر نائب صدر راؤ خلیل احمد، ڈائریکٹر الخدمت اسلامک مائیکرو فنانس ضلع وہاڑی چوہدری محمد طفیل، محمد طاہر نعیم صدیقی اور انور خان بھی موجود تھے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں