میونسپل کمیٹی کا غیر قانونی وصولیوں کیخلاف کریک ڈاؤن

میونسپل کمیٹی کا غیر قانونی وصولیوں کیخلاف کریک ڈاؤن

موٹر سائیکل، آٹو رکشہ سے مقررہ فیس وصول، خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر )میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ نے شہر میں غیر قانونی فیس وصولی کی شکایات پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ آئندہ صرف موٹر سائیکل اور آٹو رکشوں سے مقررہ سرکاری فیس وصول کی جائے گی، جبکہ پھٹہ رکشہ، لوڈر رکشہ اور سی این جی رکشوں سے کسی بھی قسم کی فیس وصول کرنے پر پابندی ہوگی۔فنانس آفیسر میونسپل کمیٹی زوہیب حمید قریشی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اگر کوئی اہلکار، ٹھیکیدار یا وصولی پر مامور شخص مقررہ پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ممنوعہ گاڑیوں سے فیس وصول کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف فوری محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔زوہیب حمید قریشی نے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ صرف مقررہ سرکاری فیس ادا کریں اور اگر کہیں غیر قانونی وصولی کی جائے تو اس کی فوری اطلاع میونسپل کمیٹی کو دیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کا مقصد شہریوں کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچانا، شفاف نظامِ وصولی کو یقینی بنانا اور غیر قانونی اقدامات کی حوصلہ شکنی کرنا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سابقہ وصولی کا ٹھیکہ 30 جون کو ختم ہو چکا ہے جبکہ نئے ٹھیکے کی نیلامی کے لیے اشتہار جاری کر دیا گیا ہے ۔ نیلامی مکمل ہونے تک فیس کی وصولی میونسپل کمیٹی کا عملہ کرے گا۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست میونسپل کمیٹی کے دفتر سے رابطہ کریں۔ انتظامیہ نے تمام متعلقہ اہلکاروں کو جاری ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی تاکید کی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں