اغوا کے پانچ واقعات، نامزد اور نامعلوم ملزموں کیخلاف مقدمات
ملتان (کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں اغوا کے پانچ الگ الگ واقعات پر پولیس نے نامزد اور نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
شاہ رکن عالم پولیس کے مطابق عرفان اللہ نے درخواست دی کہ اس کی بہن کو ملزمان زبردستی اغوا کرکے فرار ہوگئے ۔ سیتل ماڑی پولیس کو نسرین مائی نے بتایا کہ نامعلوم افراد اس کے بیٹے کو اغوا کرکے لے گئے ۔ بی زیڈ پولیس کے مطابق قیصر نے درخواست دی کہ ایک ملزم گھر میں کام کرنے والی خاتون کو اغوا کرکے فرار ہوگیا۔ الپہ پولیس کو یاسین نے بتایا کہ کاشف، عارف اور سائرہ نامی ملزمان اس کی بیٹی کو اغوا کرکے لے گئے ۔ ادھر مخدوم رشید پولیس کو قصور نے اطلاع دی کہ نامعلوم ملزمان اس کے بیٹے تصور کو اغوا کرکے فرار ہوگئے ۔ پولیس نے تمام درخواستوں پر مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔