فوڈ سیفٹی ٹیم کی کارروائی، 100درجن انڈے تلف

فوڈ سیفٹی ٹیم کی کارروائی، 100درجن انڈے تلف

بیکری میں استعمال کیا جا رہا تھا، مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا

ملتان (لیڈی رپورٹر) بستی خدا بخش، وہاڑی روڈ پر مضر صحت اور خراب انڈوں سے بیکری مصنوعات تیار کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 100 درجن سے زائد غیر معیاری انڈے موقع پر تلف کر دیے ، جبکہ بیکری مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے انکشاف کیا کہ ہیچری سے مسترد کیے گئے خراب انڈوں کو کیک رس، بسکٹ اور دیگر بیکری مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جانا تھا۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خراب انڈے قبضے میں لے کر تلف کر دیے اور ذمہ دار شخص کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خراب اور غیر معیاری انڈوں کا خوراک کی تیاری میں استعمال قانوناً جرم اور انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے ۔نہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی مضر صحت خوراک کی تیاری، فروخت اور استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں